حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دیر پائین انتظامیہ کا بڑا حکم؛ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو فوری وطن واپس جانے کی سخت ہدایت۔ Home / پاکستان /

دیر پائین انتظامیہ کا بڑا حکم؛ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو فوری وطن واپس جانے کی سخت ہدایت۔

ایڈیٹر - 29/07/2026
دیر پائین انتظامیہ کا بڑا حکم؛ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو فوری وطن واپس جانے کی سخت ہدایت۔

تیمرگرہ   : ضلعی انتظامیہ دیر پائین نے امن و امان کی صورتحال اور ملکی قوانین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام افغان شہریوں کو فوری اور رضا کارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت پر نہ جانے والوں کے خلاف فارن ایکٹ اور دیگر متعلقہ ملکی قوانین کے تحت بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ادارے سخت ایکشن لیں گے۔ اعلامیے میں ضلع دیر پائین کے ان تمام مقامی افراد کو بھی سخت تنبیہ کی گئی ہے جنہوں نے کسی بھی افغان شہری کی مروجہ اسپانسر شپ کر رکھی ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر کفالت افغان شہریوں کی فوری واپسی کو یقینی بنائیں۔ افغان شہری کی واپسی کے بعد متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں باقاعدہ بیانِ حلفی جمع کرانا لازمی ہوگا، جس میں اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ مذکورہ شخص افغانستان واپس جا چکا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے مقامی آبادی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی افغان مہاجر کو مکان، دکان، ہوٹل، حجرہ، گودام یا کسی بھی قسم کی رہائشی یا تجارتی جگہ کرائے پر دینا قانوناً جرم ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام پاکستانی شہری جو غیر قانونی افغان مہاجرین کو پناہ، رہائش یا کاروباری سہولت فراہم کریں گے، ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔