تیمرگرہ/دیر لوئر : خیبر پختونخوا حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ دیر لوئر نے دفتری نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے ایک اہم ترین انتظامی قدم اٹھایا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیر پائین بشارت احمد کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈی سی آفس میں افسران اور تمام ملازمین کی بروقت حاضری برقرار رکھنے کے لیے جدید بائیومیٹرک حاضری نظام (Biometric Attendance System) کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بشارت احمد نے اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دفتر کا تمام عملہ اپنی روزانہ کی آمد و رفت کو ڈیجیٹل بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے ہی ریکارڈ کرنے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ آفس کو ہدایت کی کہ تمام ملازمین کی ہفتہ وار حاضری کی تفصیلی رپورٹ باقاعدگی سے تیار کر کے ارسال کی جائے تاکہ دفتری امور کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت، غیر حاضری یا مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اس جدید نظام کا نفاذ صوبائی حکومت کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک شفاف، مؤثر اور جوابدہ انتظامی ڈھانچہ قائم کرنا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف دیر پائین کے سرکاری دفاتر میں جوابدہی کا کلچر فروغ پائے گا، بلکہ عام سائلین اور شہریوں کو بھی اپنے روزمرہ کے مسائل کے حل کے لیے بروقت اور معیاری سرکاری خدمات حاصل ہو سکیں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ضلع بھر میں بہترین طرزِ حکمرانی اور احتساب کے عمل کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔