حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بنوں بکاخیل یوتھ جرگہ کا صحت کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج Home / پاکستان /

بنوں بکاخیل یوتھ جرگہ کا صحت کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج

ایڈیٹر - 29/07/2026
بنوں بکاخیل یوتھ جرگہ کا صحت کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج

بنوں بکاخیل یوتھ جرگہ کا صحت کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج، ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن ، بکاخیل یوتھ جرگہ اور بکاخیل سٹوڈنٹ سوسائٹی نے صحت کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، نان لوکل بھرتیوں اور مقامی افراد کو نظر انداز کرنے کے خلاف بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بکاخیل یوتھ جرگہ کے صدر شاہین وزیر، عادت خان، سعد اللہ خان، غنی شاہ، عصمت اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بکاخیل ایک جانب بدامنی کے مسائل سے دوچار ہے جبکہ دوسری جانب خسرہ جیسی موذی بیماری کے باعث متعدد بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ صحت کے منصوبوں میں نان لوکل عملے کی تعیناتی اور فرائض میں مبینہ غفلت کے باعث عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر نہیں آ رہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس مسئلے پر ڈپٹی کمشنر بنوں، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل بکاخیل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) بنوں کے ساتھ متعدد اجلاس کیے گئے، تاہم اب تک ان کے بقول کوئی مؤثر پیش رفت نہیں ہوئی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں کام کرنے والے صحت کے منصوبوں آئی ایس ڈی اور پی آر سی ایس میں قواعد کے برخلاف نان لوکل افراد کو بھرتی کیا گیا، جبکہ بعض افراد کے ڈپلوموں کی شفافیت پر بھی سوالات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بعض یونین کونسلوں میں تعینات عملہ اپنی ڈیوٹی سرانجام نہیں دے رہا، جبکہ ریکارڈ اور تنخواہوں سے متعلق بھی مبینہ بے ضابطگیاں موجود ہیں جن کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں پریس کانفرنس میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ یونین کونسل تختی خیل میں ایک ایل ایچ وی عمر کی قانونی شرط پوری کیے بغیر خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 میں بھی مبینہ طور پر نان لوکل بھرتیاں کی گئی ہیں بکاخیل یوتھ جرگہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ تمام الزامات کی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کی جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ نان لوکل افراد کی جگہ اہل مقامی امیدواروں کو بھرتی کیا جائے، مبینہ جعلی ڈپلومہ رکھنے والے افراد کی جانچ پڑتال کی جائے، تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں اور ریسکیو 1122 میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ پولیو سمیت تمام ہیلتھ منصوبوں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔