مالاکنڈ : سوات ایکسپریس وے پر ٹنل ٹو (سرنگ نمبر 2) کے اندر ایک تیز رفتار مسافر کوسٹر الٹنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 13 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق یہ ہولناک ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی سوات سے سواریاں لے کر پشاور کی طرف جا رہی تھی کہ ٹنل کے اندر توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی ٹنل میں موجود اور قریبی علاقے کے لوگوں نے روایتی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مقامی شہریوں نے کوسٹر سے زخمیوں کو باہر نکالا اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بچانے کے لیے ڈاکٹرز ہنگامی بنیادوں پر کوشاں ہیں۔ لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو ہٹا کر ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔