اسلام آباد: روسی سفارتخانے نے روس کا سفر کرنے کے خواہشمند غیر ملکی سیاحوں کے لیے جدید ڈیجیٹل سفری پلیٹ فارم وزٹ رشیا متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے مسافر سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر بکنگ اور دیگر ضروری خدمات تک تمام سہولتیں ایک ہی جگہ سے حاصل کر سکیں گے۔
روسی سفارتخانے کے مطابق یہ جدید پلیٹ فارم ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں صورتوں میں دستیاب ہے اور اسے اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کو روس کے سفر سے متعلق تمام ضروری معلومات اور سہولتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر میسر آ سکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اس نظام کے ذریعے صارفین اپنی ضروریات اور دلچسپی کے مطابق سفری منصوبہ تیار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فضائی ٹکٹوں کی بکنگ، ہوٹلوں کے انتخاب، سفری بیمہ اور ہوائی اڈے سے آمد و رفت سمیت متعدد خدمات بھی اسی پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
وزٹ رشیا پر روس کے معروف شہروں، جن میں ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ، قازان اور سوچی شامل ہیں، کے سیاحتی مقامات، تاریخی ورثے، عجائب گھروں، ثقافتی مراکز اور قدرتی مناظر سے متعلق تفصیلی معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں، تاکہ سیاح اپنی دلچسپی کے مطابق بہتر سفری منصوبہ تشکیل دے سکیں۔
روسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ خواہ سفر کا مقصد سیاحت، کاروبار یا ثقافتی تبادلہ ہو، یہ پلیٹ فارم مسافروں کو سفر کی تیاری سے لے کر روس میں قیام کے دوران رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرکے ان کے تجربے کو مزید آسان، منظم اور یادگار بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔