حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
تربت میں مسلح افراد کا حملہ،گاڑی سے اتار کر 7 مزدور اغوا، ایک جاں بحق Home / پاکستان /

تربت میں مسلح افراد کا حملہ،گاڑی سے اتار کر 7 مزدور اغوا، ایک جاں بحق

ایڈیٹر - 29/07/2026
تربت میں مسلح افراد کا حملہ،گاڑی سے اتار کر  7 مزدور اغوا، ایک جاں بحق

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع تربت میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی کو روک کر سات غیر مقامی مزدوروں کو اغوا کر لیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہگیر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تربت کے علاقے کلاتک میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ لگا کر ایک مسافر گاڑی کو روکا۔ حملہ آور گاڑی میں سوار سات غیر مقامی مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اغوا ہونے والوں میں پانچ افراد کا تعلق پنجاب جبکہ دو مزدور خیبرپختونخوا کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے عبدالرزاق نامی ایک مقامی شہری موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے کچھ ہی دیر بعد سورگ کے علاقے سے اغوا کیے گئے مزدوروں میں سے ایک کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی، جبکہ دیگر مغویوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر بھی نگرانی سخت کر دی گئی ہے تاکہ اغوا کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مغوی مزدوروں کی بحفاظت بازیابی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔