اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے علاقائی امن و استحکام کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کی کھل کر تعریف کی۔ امریکی ارکانِ کانگریس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات کے دونوں ممالک کے روابط پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی وفد کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اراکین کے دورے کو پاک امریکا تعلقات کی جانب خوش آئند قدم قرار دیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک بھارت جنگ بندی کے لیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا خاص طور پر ذکر کیا۔ وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون اور معاشی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔