حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹوکیو: جاپان کا جزیرہ کیوشو 7.1 شدت کے شدید زلزلے سے لرز اٹھا، سونامی وارننگ جاری، Home / بین الاقوامی /

ٹوکیو: جاپان کا جزیرہ کیوشو 7.1 شدت کے شدید زلزلے سے لرز اٹھا، سونامی وارننگ جاری،

ایڈیٹر - 28/07/2026
ٹوکیو: جاپان کا جزیرہ کیوشو 7.1 شدت کے شدید زلزلے سے لرز اٹھا، سونامی وارننگ جاری،

ٹوکیو: جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کا انتہائی شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد حکام کی جانب سے سونامی اور خطرناک آفٹر شاکس کی وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔

جاپانی میڈیا اور محکمہ موسمیات کے مطابق، زلزلے کے شدید جھٹکوں نے کیوشو کے علاقے کوماموتو پریفیکچر کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں مواصلاتی اور سفری نظام درہم برہم ہو گیا۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے سمندری لہریں ایک میٹر تک بلند ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر ساحلی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کیا۔ تاہم، ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اب تک سمندر میں کسی غیر معمولی سونامی سرگرمی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا، اور صورتحال مستحکم رہنے کی صورت میں اس وارننگ کو جلد ہی واپس لے لیا جائے گا۔

جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے میڈیا کو بتایا کہ زلزلے کے باعث کئی مقامات پر عمارتیں گرنے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ زلزلے کے فوری بعد کچھ علاقوں میں ہولناک آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں جبکہ سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں اور نقصانات کا حتمی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق، کوماموتو میں زلزلے کے فوری بعد 40 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ ریلوے انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرین سروسز کو مکمل طور پر معطل کر دیا۔ خوش قسمتی سے، اس متاثرہ خطے میں قائم جوہری بجلی گھروں (Nuclear Power Plants) سے کسی قسم کے نقصان یا تابکاری کے اخراج کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور وہ مکمل محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ جاپان دنیا کے ان حساس ترین خطوں میں شامل ہے جہاں دنیا کے 20 فیصد 6 یا اس سے زائد شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔