حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں پر بڑا اقدام، سرکاری گندم کی سپلائی شروع، نئی قیمت مقرر Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں پر بڑا اقدام، سرکاری گندم کی سپلائی شروع، نئی قیمت مقرر

ایڈیٹر - 28/07/2026
خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں پر بڑا اقدام، سرکاری گندم کی سپلائی شروع، نئی قیمت مقرر

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری گندم کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کی فلور ملز کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم فراہم کی جائے گی۔ فلور ملز کو یہ گندم 11 ہزار 200 روپے فی 100 کلوگرام کے حساب سے جاری کی جائے گی۔

20 کلو آٹے کی قیمت مقرر

اعلامیے کے مطابق سرکاری گندم سے تیار ہونے والے 20 کلو آٹے کی ایکس مل قیمت 2 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ صارفین کے لیے ریٹیل قیمت 2 ہزار 520 روپے ہوگی۔

اضلاع کو آبادی کے تناسب سے گندم کی تقسیم

محکمہ خوراک کے مطابق روزانہ فراہم کی جانے والی 2 ہزار میٹرک ٹن گندم صوبے کے تمام اضلاع میں آبادی کے تناسب سے تقسیم کی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں پشاور کے لیے روزانہ 218 میٹرک ٹن، مردان کے لیے 125 میٹرک ٹن اور ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے 84 میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اضلاع کے لیے بھی آبادی کے تناسب سے مقدار مختص کی گئی ہے۔

فلور ملز کو قواعد کی پابندی کی ہدایت

محکمہ خوراک نے تمام فلور ملز کو سرکاری گندم کے استعمال اور آٹے کی تیاری سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والی فلور ملز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری آٹے میں نمی کی شرح 13.5 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، بصورت دیگر متعلقہ فلور مل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ خوراک نے فلور ملز میں کم از کم 30 روز تک ریکارڈ محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھنے والے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی لازمی قرار دے دی ہے۔

محکمہ خوراک کے مطابق گندم کے اجرا سے متعلق تمام ضروری احکامات ضلعی فوڈ کنٹرولرز کو جاری کردیئے گئے ہیں تاکہ سرکاری گندم کی شفاف تقسیم اور آٹے کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔