صوابی: ضلع صوابی کے علاقے گڑھ یوسفی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واپڈا کا 27 سالہ ملازم بجلی کا کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت وقار کے نام سے ہوئی ہے، جو واپڈا میں سرکاری ملازم تھا اور ٹوپی کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ امدادی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کنویں کے اندر پھنسے نوجوان کی لاش کو نکالا اور ضروری کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کردی۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات اور معلومات اکٹھی کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان کنویں کے اندر بجلی سے متعلق کام انجام دے رہا تھا کہ اس دوران کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔