حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جانسن اینڈ جانسن پاوڈر سے کینسر : کمپنی کا بڑا فیصلہ، بے بی پاؤڈر مقدمات ختم کرنے کے لیے 5.5 ارب ڈالر کی پیشکش Home / بین الاقوامی /

جانسن اینڈ جانسن پاوڈر سے کینسر : کمپنی کا بڑا فیصلہ، بے بی پاؤڈر مقدمات ختم کرنے کے لیے 5.5 ارب ڈالر کی پیشکش

ایڈیٹر - 28/07/2026
جانسن اینڈ جانسن پاوڈر سے کینسر : کمپنی  کا بڑا فیصلہ، بے بی پاؤڈر مقدمات ختم کرنے کے لیے 5.5 ارب ڈالر کی پیشکش

ویب ڈیسک : دنیا کی معروف دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے اپنے ٹیلکم پاؤڈر اور بے بی پاؤڈر مصنوعات سے متعلق ہزاروں قانونی مقدمات ختم کرنے کے لیے اربوں ڈالر کے تصفیے کی پیشکش کر دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی نے امریکا میں جاری تقریباً 69 ہزار مقدمات نمٹانے کے لیے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تک کی ادائیگی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان مقدمات میں مدعیان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی کی ٹیلکم پاؤڈر مصنوعات کے استعمال سے خواتین میں بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ پیدا ہوا۔

رپورٹس کے مطابق یہ پیشکش کئی سال سے جاری قانونی تنازع کو ختم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے، جس کے باعث نیو جرسی میں قائم جانسن اینڈ جانسن کو مسلسل عدالتی کارروائیوں کا سامنا رہا ہے۔

کمپنی نے ایک بار پھر تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی ٹیلکم پر مبنی مصنوعات محفوظ ہیں اور ان کے استعمال سے کینسر ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ کمپنی کے مطابق اس نے اپنے معروف بے بی پاؤڈر کی تیاری میں بھی تبدیلی کی ہے۔

جانسن اینڈ جانسن کے نائب صدر برائے قانونی امور ایرک ہاس نے کہا کہ کمپنی اب بھی سمجھتی ہے کہ اس کے خلاف دائر دعوے بے بنیاد ہیں اور اگر مقدمات جاری رہتے تو کمپنی اپنے مؤقف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہتی، تاہم طویل قانونی تنازع کے خاتمے کے لیے تصفیے کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق مجوزہ معاہدہ اس وقت نافذ العمل ہوگا جب ریاستی اور وفاقی عدالتوں میں بیضہ دانی کے کینسر سے متعلق مقدمات کے کم از کم 95 فیصد دعویداروں کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیمیں اس کی منظوری دیں گی۔

تجویز کردہ معاہدے کے تحت کمپنی آئندہ سال تقریباً 3 ارب ڈالر تک کی ادائیگی کرے گی، جبکہ اس کے بعد 2028 سے قبل مزید کسی بڑی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایرک ہاس کے مطابق اس تصفیے کے بعد کمپنی اپنی توجہ ادویات اور طبی آلات کی تیاری جیسے بنیادی شعبوں پر مرکوز کر سکے گی۔

جانسن اینڈ جانسن کی سابق ذیلی کمپنی کینویو کو شمالی امریکا سے باہر بے بی پاؤڈر سے متعلق قانونی ذمہ داری منتقل کی جا چکی ہے۔ کینویو کے پاس بینڈ ایڈ، لسٹرین اور کیلپول جیسے معروف برانڈز بھی شامل ہیں۔ یہ کمپنی 2022 میں جانسن اینڈ جانسن سے الگ کی گئی تھی۔

ٹیلکم پاؤڈر سے متعلق قانونی مقدمات کا آغاز 2009 میں ہوا تھا۔ رواں سال جولائی میں ایک امریکی وفاقی عدالت نے جانسن اینڈ جانسن کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اس سوال کو اہم قرار دیا تھا کہ آیا مدعیان یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ان کے کینسر کی براہ راست وجہ ٹیلکم مصنوعات ہی تھیں۔

ٹیلکم ایک قدرتی معدنی مادہ ہے جس میں میگنیشیم، سلیکان، آکسیجن اور ہائیڈروجن شامل ہوتے ہیں۔ اپنی نرم ساخت کے باعث اسے طویل عرصے تک کاسمیٹکس اور بچوں کی مصنوعات میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

مقدمات دائر کرنے والے افراد کا مؤقف رہا ہے کہ کمپنی کی بعض ٹیلکم مصنوعات میں ایسبیسٹس کی آمیزش موجود تھی، جو کینسر کا سبب بننے والا مادہ سمجھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیلکم اور ایسبیسٹس بعض اوقات قدرتی طور پر ایک ہی معدنی علاقوں میں پائے جاتے ہیں، جس سے آلودگی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

دوسری جانب جانسن اینڈ جانسن کا کہنا ہے کہ مختلف سائنسی مطالعات کے مطابق اس کی ٹیلکم مصنوعات محفوظ ہیں، ان میں ایسبیسٹس موجود نہیں اور یہ کینسر کا باعث نہیں بنتیں۔

کمپنی نے 2022 میں اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر کی تیاری اور فروخت بند کر دے گی۔ اس سے قبل امریکا میں بھی اس مصنوعات کی فروخت روک دی گئی تھی۔

کمپنی کے مطابق اب وہ عالمی سطح پر صرف کارن اسٹارچ پر مبنی بے بی پاؤڈر تیار اور فروخت کرے گی۔