حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں 4500 سے زائد قومی شناختی کارڈز مشکوک قرار۔ Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا میں 4500 سے زائد قومی شناختی کارڈز مشکوک قرار۔

ایڈیٹر - 28/07/2026
خیبر پختونخوا میں   4500 سے زائد قومی شناختی کارڈز مشکوک قرار۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت پورے صوبے میں نادرا نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران 4 ہزار 500 سے زائد قومی شناختی کارڈز (CNICs) کو مشکوک قرار دے کر بلاک کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، صوبے بھر میں مشکوک قرار دیے گئے ان قومی شناختی کارڈز کی بڑے پیمانے پر تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور نادرا کی جانب سے ابتدائی طور پر متعلقہ افراد کو باضابطہ نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سخت اقدام مختلف شکایات، عدالتی احکامات اور انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے۔ مشکوک کارڈز کی اس فہرست میں مبینہ طور پر بعض افغان مہاجرین بھی شامل ہیں جنہوں نے غیر قانونی طور پر پاکستانی دستاویزات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ، نادرا کے بعض سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کے شناختی کارڈز بھی اس مشکوک زمرے میں شامل پائے گئے ہیں جن کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں درجنوں ایسے شہریوں کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے جو نوٹسز کے اجراء کے باوجود نادرا کی تحقیقاتی کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہے۔ نادرا نے ایسے تمام افراد کے قومی شناختی کارڈز کو بلاک کر کے انہیں ملکی نظام سے نکالنے کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ماضی کے ادوار میں مبینہ طور پر ان مشکوک کارڈز کی مدد سے افغان مہاجرین کے پاسپورٹ بنانے اور غیر قانونی طور پر بیرون ملک سفر کرنے جیسے سنگین الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جس پر وفاقی اداروں نے سخت ترین قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔