حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی دباؤ کے باوجود ملائیشیا کا اسرائیل سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے سے انکار، وزیر خارجہ نے واضح مؤقف پیش کردیا Home / بین الاقوامی /

امریکی دباؤ کے باوجود ملائیشیا کا اسرائیل سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے سے انکار، وزیر خارجہ نے واضح مؤقف پیش کردیا

ایڈیٹر - 27/07/2026
امریکی دباؤ کے باوجود  ملائیشیا کا اسرائیل سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے سے انکار، وزیر خارجہ نے واضح مؤقف پیش کردیا

ویب ڈیسک: ملائیشیا نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی اپنی دیرینہ پالیسی برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی دباؤ کے باوجود اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ اور امریکی کانگریس کے بعض ارکان کے مطالبات کے باوجود کوالالمپور اپنی سابقہ پالیسی پر قائم ہے۔

محمد حسن نے بتایا کہ امریکا میں تعینات ملائیشیا کے سفیر محمد شہرول اکرام یعقوب نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے طلب کیے جانے کے بعد ملائیشیا کے مؤقف کی وضاحت کی۔

ملائیشیا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے متعلق ان کے ملک کی پالیسی کسی حالیہ واقعے یا نئی پیش رفت کا نتیجہ نہیں بلکہ کئی دہائیوں سے جاری سرکاری مؤقف ہے، جسے مختلف حکومتوں نے برقرار رکھا ہے۔

ملائیشیا کی قومی خبر رساں ایجنسی برناما کے مطابق محمد حسن نے کہا کہ ان کا ملک اس معاملے کو اپنی طویل المدتی پالیسیوں کے مطابق دیکھتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملائیشیا کی امیگریشن پالیسی اسرائیل یا صیہونی حکومت کو تسلیم نہیں کرتی اور یہ مؤقف برسوں سے ملک کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا ان مسلم اکثریتی ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ملائیشیا اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے داخلے پر بھی پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔