حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کشمیر معاملہ: بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو پاکستان نے مسترد کردیا، خواجہ آصف کا سخت ردعمل Home / پاکستان /

کشمیر معاملہ: بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو پاکستان نے مسترد کردیا، خواجہ آصف کا سخت ردعمل

ایڈیٹر - 27/07/2026
کشمیر معاملہ: بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو پاکستان نے مسترد کردیا، خواجہ آصف کا سخت ردعمل

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے متنازع بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے دی جانے والی اشتعال انگیز گفتگو سیاسی مفادات کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق اس قسم کی بیان بازی نہ تو جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرسکتی ہے اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام اور بامعنی مذاکرات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششیں اس کے اپنے مبینہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی سرگرمیوں اور خطے میں عدم استحکام کے کردار کے تناظر میں ناقابل اعتبار ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی علاقائی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، تاہم پاکستان امن اور مذاکرات کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات دراصل اندرونی مسائل، سیاسی دباؤ اور عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل ضروری ہے اور کسی بھی فریق کو غلط اندازوں پر مبنی اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔