حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران امریکہ چھپے ہوئے جنگی نقصانات سامنے آگئے؟ ایران محاذ پر امریکی فوج کے بڑے نقصان کا انکشاف Home / بین الاقوامی /

ایران امریکہ چھپے ہوئے جنگی نقصانات سامنے آگئے؟ ایران محاذ پر امریکی فوج کے بڑے نقصان کا انکشاف

ایڈیٹر - 27/07/2026
ایران امریکہ چھپے ہوئے جنگی نقصانات سامنے آگئے؟ ایران محاذ پر امریکی فوج کے بڑے نقصان کا انکشاف

ویب ڈیسک: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران کے خلاف جاری جنگ سے متعلق امریکی فوجی نقصانات کے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی اہلکاروں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی تصدیق کردی ہے۔

پینٹاگون نے ہفتے کے روز اپنے دفاعی نقصانات کے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کیا، جس کے بعد 140 سے زائد مزید زخمی امریکی فوجیوں کو ریکارڈ میں شامل کیا گیا، جبکہ حالیہ دنوں میں ایرانی حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے 4 فوجیوں کے نام بھی دوبارہ فہرست میں شامل کر دیے گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (ڈی سی اے ایس) میں ایک نئی کیٹیگری "اوورسیز آپریشنز" شامل کی گئی ہے، جس میں 7 جولائی کے بعد بیرون ملک ہونے والی کارروائیوں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نئی کیٹیگری کے اعداد و شمار کو آپریشن ایپک فیوری کے تازہ ریکارڈ کے ساتھ شامل کیا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور 624 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق زخمی فوجیوں کی یہ تعداد اس سے قبل ریکارڈ کی گئی بلند ترین تعداد 482 سے کہیں زیادہ ہے، جو پینٹاگون کے جنگی نقصانات کے ڈیٹا میں بڑے اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔

پینٹاگون کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے 18 امریکی فوجیوں میں 11 کا تعلق آرمی، 6 کا ایئر فورس اور ایک کا نیوی سے ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق زخمی ہونے والے 624 اہلکاروں میں 461 آرمی، 86 نیوی، 19 میرینز اور 58 ایئر فورس سے وابستہ ہیں۔

اس سے قبل میڈیا اداروں اور امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون کو اس وقت شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب ایرانی حملوں کے جاری رہنے کے باوجود ڈی سی اے ایس میں ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی تعداد کم ظاہر کی جا رہی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق نئی "اوورسیز آپریشنز" کیٹیگری میں 7 جولائی کے بعد ہونے والے نقصانات شامل کیے گئے ہیں، تاہم پینٹاگون نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس میں شامل تمام ہلاکتیں اور زخمی اہلکار کس مخصوص تنازع یا فوجی کارروائی سے متعلق ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس نئی کیٹیگری میں شامل ہلاک فوجیوں کے نام بھی درج کیے گئے ہیں، جن میں اردن میں ایرانی حملے کے نتیجے میں مارے جانے والے 3 امریکی فوجی اور گزشتہ ہفتے شمالی عراق میں ایرانی ڈرون کو ناکارہ بنانے کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والا ایک فوجی بھی شامل ہے۔