تہران: ایران نے جنگ اور جنگ بندی کے ادوار میں 18 ارب ڈالر مالیت کا تیل فروخت کر دیا، وزیرِ تیل محسن پاک نژاد کا انکشاف
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک: حسان میڈیا) – ایرانی وزیر برائے پٹرولیم محسن پاک نژاد نے ایک اہم بیان میں انکشاف کیا ہے کہ ایران نے جنگی حالات اور اس کے بعد جنگ بندی کے دورانیے میں مجموعی طور پر 18 ارب ڈالر مالیت کا خام تیل فروخت کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تہران سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق، علاقائی کشیدگی اور سخت ترین بین الاقوامی چیلنجز کے باوجود ایرانی تیل کی سپلائی لائنیں کامیابی سے فعال رہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ایرانی وزیرِ تیل کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ کی حالت کے دوران 11 ارب 50 کروڑ ڈالر کا تیل فروخت کیا، جبکہ جنگ بندی کے مرحلے میں داخل ہونے کے بعد مزید 6 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل مارکیٹ میں منتقل کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے باعث علاقائی اور سمندری راستوں میں سفری خطرات میں نمایاں کمی آئی، جس کے نتیجے میں ایران کی تیل کی برآمدات میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
سرکاری حکام کے مطابق، اس سٹریٹجک حکمتِ عملی کے نتیجے میں ملک تقریباً 10 کروڑ بیرل ذخیرہ شدہ خام تیل اور گیس کے ذخائر کا ایک بڑا حصہ عالمی منڈیوں میں فروخت کرنے میں کامیاب رہا۔ وزیرِ تیل محسن پاک نژاد نے مزید بتایا کہ حالیہ فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی حکومت کے سالانہ بجٹ میں تیل سے متوقع آمدنی کے موازنے میں 60 فیصد زیادہ رہی ہے، جس نے قومی خزانے کو سنگین معاشی بحران سے نکالنے اور ملکی معیشت کو خاطر خواہ مالی فائدہ پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔