حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک ردعمل، کشمیر پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان Home / پاکستان /

بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک ردعمل، کشمیر پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

ایڈیٹر - 27/07/2026
بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک ردعمل، کشمیر پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ کے ریمارکس مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں، حالانکہ یہ تنازع اب بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے اس نوعیت کی بیان بازی نہ صرف علاقائی کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی تشویش کا سبب ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ نئی دہلی ایسے بیانات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی پالیسیوں اور دیگر داخلی چیلنجز سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام ماضی میں بھی اپنے عزم اور دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کر چکے ہیں، اس لیے بھارت کو کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کے نتائج کا درست اندازہ ہونا چاہیے۔

بیان میں عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا نوٹس لے اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔