حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا ایران کے نئے مذاکرات کے اعلان نے تیل مارکیٹ ہلا دی، خام تیل کی قیمتیں ایک ہی دن میں 5 فیصد سے زیادہ گر گئیں Home / بین الاقوامی /

امریکا ایران کے نئے مذاکرات کے اعلان نے تیل مارکیٹ ہلا دی، خام تیل کی قیمتیں ایک ہی دن میں 5 فیصد سے زیادہ گر گئیں

ایڈیٹر - 27/07/2026
امریکا  ایران کے نئے مذاکرات کے اعلان نے تیل مارکیٹ ہلا دی، خام تیل کی قیمتیں ایک ہی دن میں 5 فیصد سے زیادہ گر گئیں

ویب ڈیسک: ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی میں وقفے کے اعلان کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو عارضی طور پر روکنے کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ گئیں۔

تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.58 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 91.20 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔

اسی طرح امریکی خام تیل بھی 4.91 ڈالر فی بیرل سستا ہوا اور اس کی قیمت کم ہو کر 84.40 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں وقتی کمی اور سفارتی پیش رفت کی امید نے عالمی منڈی میں تیل کی رسد سے متعلق خدشات کو کم کیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی۔

دوسری جانب امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حکم جمعے کے روز دیا گیا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کارروائی صرف محدود مدت کے لیے معطل کی گئی ہے یا فریقین کے درمیان باقاعدہ جنگ بندی کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران واشنگٹن اور تہران کے درمیان صورتحال میں ہونے والی پیش رفت عالمی توانائی مارکیٹ کی سمت کا تعین کرے گی، جس پر سرمایہ کاروں اور تیل درآمد کرنے والے ممالک کی گہری نظر ہے۔