حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں ووٹنگ جاری، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار Home / پاکستان /

آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں ووٹنگ جاری، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

ایڈیٹر - 27/07/2026
آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں ووٹنگ جاری، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے، جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ایک واقعے پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو پریزائیڈنگ افسران کو گرفتار کر لیا۔

پہلے مرحلے کے تحت ضلع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے مجموعی طور پر تیرہ انتخابی حلقوں میں صبح آٹھ بجے پولنگ کا آغاز ہوا، جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

الیکشن میں پچیس سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ مجموعی طور پر دو سو نوے سے زائد امیدوار عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے مدمقابل ہیں، جبکہ چودہ لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق حلقہ ایل اے تین میرپور، حلقہ ایل اے چھ بھمبر اور حلقہ ایل اے دس کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔

انتخابی عمل کو شفاف، محفوظ اور پرامن رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انیس ہزار سے زائد اہلکار مختلف پولنگ اسٹیشنوں اور حساس مقامات پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب کوٹلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ایک واقعہ سامنے آیا، جہاں دو پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بجائے انتخابی سامان کے بیگز ایک نجی رہائش گاہ لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا، جبکہ انتخابی سامان اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔

انتظامیہ نے صورتحال پر فوری قابو پاتے ہوئے نئے پریزائیڈنگ افسران مقرر کیے اور انہیں متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا، جس کے باعث ووٹنگ کا عمل متاثر نہیں ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے دونوں افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے مطابق قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

ادھر الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ انتخابی عمل کے لیے تمام انتظامی اور سیکیورٹی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کریں اور انتخابی ماحول کو پرامن رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔