ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں کل (27 جولائی) پولنگ ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے مجموعی طور پر 13 قانون ساز اسمبلی کے حلقوں میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ انتخابی عمل کے شفاف اور پُرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ بیلٹ پیپرز، انتخابی سامان اور دیگر ضروری مواد تمام پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے، جبکہ ہر پولنگ اسٹیشن پر بروقت سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔ ان میں ضلع میرپور کے چار حلقوں کے لیے 597، ضلع بھمبر کے تین حلقوں کے لیے 608 اور ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں کے لیے 1107 پولنگ اسٹیشن مختص کیے گئے ہیں۔
رواں انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملا کر مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایل اے-3 میرپور، ایل اے-6 بھمبر اور ایل اے-10 کوٹلی کے حلقوں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جہاں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
انتخابی حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں، مقررہ وقت پر اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور انتخابی ماحول کو پُرامن رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔