سعودی عرب کے شہر ینبع میں واقع اہم تیل تنصیبات کو مبینہ میزائل حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں یونانی فوجی اہلکاروں کے زیرِ انتظام فضائی دفاعی نظام نے دو بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ یمن کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا ہدف ینبع کی آئل ریفائنریاں تھیں، تاہم سعودی عرب میں تعینات یونانی اہلکاروں نے امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کی مدد سے دونوں میزائل کامیابی سے مار گرائے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر سعودی سول ڈیفنس نے ینبع میں فوری ہنگامی الرٹ جاری کیا اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میزائل یمن سے فائر کیے گئے تھے اور ان کا رخ سعودی عرب کی اہم توانائی تنصیبات کی جانب تھا، تاہم دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
ایک اور ذریعے نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں بیلسٹک میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیے گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یونان نے 2021 میں سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کی ایک بیٹری سعودی عرب میں تعینات کی تھی۔ اس نظام کو یونانی فوجی اہلکار چلاتے ہیں، جبکہ اس کا بنیادی مقصد مملکت کے تیل اور توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو ممکنہ میزائل حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔