اسلام آباد : وزارتِ داخلہ نے ارکانِ پارلیمنٹ کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے ٹنٹڈ گلاسز (کالے شیشے) پرمٹ پالیسی 2025 میں نئی ترامیم شامل کر دی ہیں۔ نئی ترامیم کے مطابق، ملک کے موجودہ اور سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو گاڑیوں کے شیشے کالے کرانے کے پرمٹ بالکل مفت جاری کیے جائیں گے۔ دوسری جانب، عام پالیسی کے تحت ٹنٹڈ گلاس پرمٹ کی سالانہ فیس 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم اشرافیہ کو اس فیس سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ داخلہ کی جانب سے یہ ترامیم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی ہیں۔ نئی پالیسی میں نہ صرف ارکانِ پارلیمنٹ بلکہ پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے بھی پرمٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ترمیم شدہ مسودے کے تحت اب صرف سفارت کاروں کو ٹنٹڈ گلاس پرمٹ جاری کیے جائیں گے، اور پالیسی سے لفظ "غیر ملکی" کو ختم کر کے اسے صرف سفارت کاروں تک محدود کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ نے اس نئی پالیسی کا مسودہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ارسال کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کی حتمی آراء اور تجاویز موصول ہوتے ہی ملک بھر میں یہ نئی پالیسی باقاعدہ طور پر نافذ العمل کر دی جائے گی۔ اس اقدام پر عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں اسے وی آئی پی کلچر کی ایک اور کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔