ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق ایسا بیان دے دیا جس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ مستقبل میں چوتھی مرتبہ بھی صدارتی انتخاب میں حصہ لیں۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک ایسی بات بتانے جا رہے ہیں جو بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ہو سکتی ہے۔ ان کے بقول، ان کی خواہش ہے کہ وہ چوتھی بار بھی امریکا کے صدارتی انتخاب میں امیدوار بنیں۔
صدر ٹرمپ اس وقت اپنی دوسری صدارتی مدت کا تقریباً نصف حصہ مکمل کر چکے ہیں، تاہم امریکی آئین کی بائیسویں ترمیم کے تحت کوئی بھی شخص دو مرتبہ سے زیادہ امریکا کا صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔
اسی آئینی پابندی کے باعث مبصرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نہ صرف تیسری بلکہ براہِ راست چوتھی مرتبہ صدارتی انتخاب لڑنے کی خواہش کا اظہار ایک سیاسی بیان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ موجودہ آئینی ڈھانچے کے تحت ایسا ممکن نہیں۔
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد امریکی سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے، جہاں ان کے حامی اور ناقدین مختلف زاویوں سے اس بیان پر تبصرے کر رہے ہیں۔