ویب ڈیسک:صوبائی دارالحکومت پشاور میں اسٹریٹ کرائم، راہزنی اور سنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف پولیس مقابلوں میں ایک خطرناک ملزم کو ہلاک جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیاں تھانہ خزانہ اور تھانہ چمکنی کی حدود میں کی گئیں، جہاں مطلوب ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں ایک ملزم مارا گیا اور دو دیگر زخمی حالت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں آ گئے۔
تھانہ خزانہ کی حدود میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران آٹھ مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم محمد عرفان ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی حماد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان شہریوں سے موبائل فون چھیننے، راہزنی، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
اسی طرح تھانہ چمکنی کی حدود میں ایک اور کارروائی کے دوران ملزم نصیر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون، موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ خزانہ، تھانہ پھندو، تھانہ چمکنی اور تھانہ فقیر آباد سمیت مختلف تھانوں میں ڈکیتی، راہزنی، اقدامِ قتل، چوری اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔