حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کی سعودی عرب کو کھلی وارننگ، معاہدۂ ابراہیمی میں شمولیت کے بغیر جوہری معاہدہ ممکن نہیں Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کی سعودی عرب کو کھلی وارننگ، معاہدۂ ابراہیمی میں شمولیت کے بغیر جوہری معاہدہ ممکن نہیں

ایڈیٹر - 25/07/2026
ٹرمپ کی سعودی عرب کو کھلی وارننگ، معاہدۂ ابراہیمی میں شمولیت کے بغیر جوہری معاہدہ ممکن نہیں

ویب ڈیسک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ مجوزہ سول جوہری معاہدہ اسی صورت آگے بڑھایا جائے گا جب ریاض معاہدۂ ابراہیمی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شرط کے بغیر امریکا سعودی عرب کے ساتھ جوہری تعاون کا معاہدہ نہیں کرے گا۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کو معاہدۂ ابراہیمی کا حصہ بننا چاہیے، کیونکہ یہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر ریاض اس معاہدے میں شامل نہیں ہوتا تو جوہری معاہدہ بھی نہیں ہوگا۔

ایران سے متعلق سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق تہران کے ساتھ جاری مذاکرات میں ایرانی حکام پہلے کے مقابلے میں زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان رابطے جاری ہیں اور انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ ایرانی مؤقف میں بتدریج سنجیدگی آ رہی ہے۔ ان کے بقول اس تبدیلی کی وجوہات سب کے سامنے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر نے سعودی عرب کے ساتھ مجوزہ سول جوہری پروگرام کے معاہدے کی منظوری دی تھی، تاہم اس معاہدے کو نافذ کرنے کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری بھی درکار ہوگی۔

اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ امریکا کے محکمہ توانائی اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں یورینیم کی افزودگی کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجوزہ معاہدہ صرف پرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے ہوگا، جیسا کہ بعض دیگر ممالک کے سول جوہری پروگراموں میں ہوتا ہے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر ایک بار پھر اس بات پر زور دیا تھا کہ معاہدے کی بنیادی شرط سعودی عرب کی معاہدۂ ابراہیمی میں شمولیت ہوگی، جسے انہوں نے خطے میں امن، تعاون اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔