حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایک اور ائرلائن کا کراچی کیلئے فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان Home / پاکستان /

ایک اور ائرلائن کا کراچی کیلئے فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان

ایڈیٹر - 23/07/2026
ایک اور ائرلائن کا کراچی کیلئے فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان اور ازبکستان کے درمیان فضائی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے ازبکستان کی نجی ایئرلائن سنٹرم ایئر نے 3 ستمبر 2026 سے کراچی اور تاشقند کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی فضائی سروس ہفتے میں دو روز، جمعرات اور اتوار، چلائی جائے گی، جس کے ذریعے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند سے براہِ راست منسلک کیا جائے گا۔

اس نئے روٹ کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیمی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری افراد، طلبہ، زائرین اور سیاحوں کو سفر کی بہتر اور آسان سہولت بھی میسر آئے گی۔

تاشقند کے ذریعے مسافر وسطی ایشیا اور دولتِ مشترکہ آزاد ریاستوں (CIS) کے مختلف شہروں تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے، جس سے تاشقند کی علاقائی فضائی مرکز کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔

پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر توختائیف نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی۔تاشقند براہِ راست پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور مضبوط ہوتے تعلقات کی ایک اہم علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف 20 ماہ قبل تک پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کوئی باقاعدہ براہِ راست فضائی سروس موجود نہیں تھی، جبکہ اب کراچی روٹ کے اضافے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ہفتہ وار براہِ راست پروازوں کی تعداد آٹھ ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان میں چار پروازیں لاہور، دو اسلام آباد اور دو کراچی کے لیے مختص ہوں گی، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کی عکاسی کرتی ہیں۔

سفیر کے مطابق فضائی رابطوں میں یہ توسیع نہ صرف باہمی تجارت اور سیاحت کو فروغ دے گی بلکہ سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

ازبکستان اپنی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اہمیت کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ سمرقند اور بخارا جیسے تاریخی شہر شاہراہِ ریشم کی عظیم تہذیب کے امین ہیں، جبکہ تاشقند میں قائم اسلامی تہذیب کا مرکز اور سمرقند کے قریب واقع امام بخاریؒ یادگاری کمپلیکس بھی عالمی سطح پر نمایاں مذہبی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کراچی اور تاشقند کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کے آغاز سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو نئی رفتار ملے گی اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔