حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
18 گھنٹے مزدوری اور پھر دردناک موت! یونان میں پاکستانی نوجوان وقاص خضر موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق۔ Home / بین الاقوامی,پاکستان /

18 گھنٹے مزدوری اور پھر دردناک موت! یونان میں پاکستانی نوجوان وقاص خضر موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق۔

ایڈیٹر - 23/07/2026
18 گھنٹے مزدوری اور پھر دردناک موت! یونان میں پاکستانی نوجوان وقاص خضر  موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق۔

یونان میں پاکستانی نوجوان وقاص خضر کی المناک موت، اوورسیز کمیونٹی کی لاوارثی پر حکومتِ پاکستان سے سنگین سوالات

ایتھنز/اسلام آباد: یونان کے جزیرہ کریت میں روزی روٹی کی تلاش میں مقیم پاکستانی نوجوان وقاص خضر کی المناک موت اور اس کے بعد درپیش سفارتی مشکلات نے دیارِ غیر میں مقیم لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ اور ریاستی سرپرستی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، مقتول وقاص خضر اپنے خاندان کی کفالت کے لیے یونان میں روزانہ 17 سے 18 گھنٹے کڑی محنت کرتا تھا۔ گزشتہ روز شام کے وقت جب وہ اپنی موٹر سائیکل پر مزدوری کے بعد گھر واپس جا رہا تھا تو سڑک پر حادثے کا شکار ہو کر گر پڑا، اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار بس اس کے اوپر سے گزر گئی، جس کے نتیجے میں وقاص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس واقعے سے بھی زیادہ افسوسناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب میت کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے سرکاری یا سفارتی سطح پر کوئی فوری مدد فراہم نہیں کی گئی۔ یونان میں مقیم مقتول کے دوستوں اور پاکستانی برادری نے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کر کے میت کو پاکستان روانہ کرنے کے انتظامات کیے۔

اس واقعے کے بعد یونان میں مقیم پاکستانیوں میں شدید مایوسی اور یہ احساس بڑھتا جا رہا ہے کہ وہ بیرونِ ملک ایک لاوارث کمیونٹی بن چکے ہیں، جہاں کسی بھی ناگہانی آفت یا حادثے کی صورت میں صرف ایک پاکستانی ہی دوسرے کا سہارا بنتا ہے اور سفارت خانے خوابِ خرگوش میں نظر آتے ہیں۔ یونان میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے حکومتِ پاکستان اور وزارتِ خارجہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ یونان میں سفارتی نمائندگی کو فعال کیا جائے اور ایسی مخلص قیادت مقرر کی جائے جو مشکل وقت میں شہریوں کا عملی سہارا بنے۔ وقاص خضر کی موت نے حکومت کے سامنے یہ سوال چھوڑ دیا ہے کہ آخر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی جان اور عزت کا ذمہ دار کون ہے؟