سعودی عرب گیس لیکج دھماکے میں جاں بحق بالاکوٹ کے پانچوں نوجوانوں کی تدفین، ہر آنکھ اشکبار
بالاکوٹ: سعودی عرب میں گیس لیکیج دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے پانچوں نوجوانوں کے جسدِ خاکی وطن واپس پہنچنے کے بعد انہیں شدید آہ و بکا اور سسکیوں کے ساتھ آبائی قبرستانوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ اس ہولناک حادثے کے بعد پورے بالاکوٹ شہر کی فضا سوگوار ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کے جسدِ خاکی ایمبولینسز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مانسہرہ لائے گئے، جہاں سے انہیں ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کیا گیا۔ مقتولین کی نمازِ جنازہ مختلف مقامات پر ادا کی گئی، جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جلو جبڑ سیداں کے مقام پر ایک ہی خاندان کے تین افراد کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس نے ہر آنکھ کو نم کر دیا، جب کہ نوجوان رستم شہزاد کو گاندھیاں اور ایک اور نوجوان کو عرب کھن میں ان کے آبائی قبرستانوں میں سپردِ خاک کیا گیا۔
نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقاریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور رکنِ قومی اسمبلی (ایم این اے) شہزادہ گشتاسپ خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ سماجی اور عوامی حلقوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے تحفظ اور اس المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔