حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری! نئے پے اسکیلز نافذ، تنخواہوں اور الاؤنسز میں نمایاں اضافہ، مکمل تفصیلات سامنے آگئیں Home / پاکستان /

سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری! نئے پے اسکیلز نافذ، تنخواہوں اور الاؤنسز میں نمایاں اضافہ، مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

ایڈیٹر - 22/07/2026
سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری! نئے پے اسکیلز نافذ، تنخواہوں اور الاؤنسز میں نمایاں اضافہ، مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں کیے گئے اضافے کا اطلاق فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پرانے پے اسکیلز 2022 کی جگہ اب پے اسکیلز 2026 نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت بنیادی تنخواہوں کے ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

نئے اسکیلز کے مطابق گریڈ ایک کے ملازمین کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 13 ہزار 550 روپے سے بڑھا کر 16 ہزار 280 روپے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ سالانہ انکریمنٹ بھی 430 روپے کے بجائے 520 روپے کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح گریڈ 16 کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ 33 ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس گریڈ کی زیادہ سے زیادہ بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 15 ہزار 320 روپے ہوگی۔

گریڈ 17 کے افسران کے لیے بنیادی تنخواہ 45 ہزار 70 روپے سے بڑھا کر 54 ہزار 140 روپے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ گریڈ 22 کے افسران کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 46 ہزار 770 روپے اور زیادہ سے زیادہ بنیادی تنخواہ 2 لاکھ 93 ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکومت نے نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران سامنے آنے والے ممکنہ اعتراضات، تکنیکی مسائل اور تنخواہوں سے متعلق کسی بھی ابہام کے ازالے کے لیے اینوملی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے، جو ملازمین کے معاملات کا جائزہ لے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس بھی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

وفاقی حکومت نے گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک تمام ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں بھی یکمشت 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ نئی شرح کے تحت گریڈ ایک سے چار کے ملازمین کا ماہانہ کنوینس الاؤنس ایک ہزار 785 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار 678 روپے ہو گیا ہے، جبکہ گریڈ پانچ سے 10 کے ملازمین کو اب ماہانہ 2 ہزار 898 روپے ملیں گے۔

گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس 2 ہزار 856 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 284 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کا سفری و کنوینس الاؤنس 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے کر دیا گیا ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ تنخواہوں اور کنوینس الاؤنس کی تمام نئی شرحیں یکم جولائی 2026 سے مؤثر تصور کی جائیں گی، جبکہ متعلقہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔