حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا کے تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم، صرف 43 دن کا ایندھن باقی، توانائی سلامتی پر سنگین سوالات Home / بین الاقوامی /

امریکا کے تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم، صرف 43 دن کا ایندھن باقی، توانائی سلامتی پر سنگین سوالات

ایڈیٹر - 21/07/2026
امریکا کے تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم، صرف 43 دن کا ایندھن باقی، توانائی سلامتی پر سنگین سوالات

ویب ڈیسک: ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے بعد ملک میں دستیاب تیل کی مقدار گزشتہ تقریباً پینتالیس برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ماہرین اس صورتحال کو امریکی توانائی سلامتی کے لیے تشویشناک قرار دے رہے ہیں۔

بینک آف امریکا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکا کے پاس خام تیل کا ذخیرہ صرف 43 دن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے موجود ہے، جو جولائی انیس سو تراسی کے بعد سب سے کم سطح سمجھی جا رہی ہے۔

امریکی توانائی معلوماتی ادارے کے تازہ اعداد و شمار بھی اس رجحان کی تصدیق کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 10 جولائی تک تجارتی خام تیل کے ذخائر تقریباً 409 اعشاریہ 7 ملین بیرل رہے، جو گزشتہ پانچ برس کی اوسط کے مقابلے میں تقریباً 6 فیصد کم ہیں۔

اسی طرح قومی ہنگامی پیٹرولیم ذخائر بھی مسلسل سکڑ رہے ہیں۔ 18 جولائی تک یہ ذخائر کم ہو کر تقریباً 316 اعشاریہ 5 ملین بیرل رہ گئے، جو اپریل انیس سو تراسی کے بعد کی کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکا کے تجارتی اور قومی ہنگامی ذخائر کو ملا کر خام تیل کی مجموعی مقدار تقریباً 730 اعشاریہ 8 ملین بیرل رہ گئی ہے، جو گزشتہ چار دہائیوں کی کم ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی اور توانائی کی عالمی منڈی میں دباؤ مزید بڑھا تو امریکا سمیت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور توانائی کی فراہمی پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔