حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دیر بالا: عشیری درہ بازار میں سسر کی فائرنگ سے داماد جاں بحق، تاجروں کا شدید احتجاج۔ Home / پاکستان /

دیر بالا: عشیری درہ بازار میں سسر کی فائرنگ سے داماد جاں بحق، تاجروں کا شدید احتجاج۔

ایڈیٹر - 20/07/2026
دیر بالا: عشیری درہ بازار میں سسر کی فائرنگ سے داماد جاں بحق، تاجروں کا شدید احتجاج۔

دیر بالا  : خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کے علاقے تارپتار عشیری درہ بازار میں سسر نے مبینہ فائرنگ کر کے اپنے ہی داماد کو قتل کر دیا، جبکہ واقعے میں ایک راہ گیر بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد مقامی تاجر برادری اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بازار اور اہم تجارتی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دیر بالا کے تجارتی مرکز عشیری درہ بازار میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب گھریلو ناچاقی کی بنا پر ایک شخص نے اپنے داماد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں داماد موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ وہاں سے گزرنے والا ایک بے گناہ راہ گیر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوری بعد عشیری درہ بازار کے تاجروں نے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا اور احتجاجاً دکانیں بند کر کے سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کے باعث علاقے میں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واقعے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز کی خصوصی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او گندیگار لعل بہادر خان پولیس ٹیم کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات اور بازار میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش اور زخمی راہ گیر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔