حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
رستم: بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 معصوم بچے جاں بحق، ماں اور بیٹی شدید زخمی Home / پاکستان /

رستم: بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 معصوم بچے جاں بحق، ماں اور بیٹی شدید زخمی

ایڈیٹر - 20/07/2026
رستم: بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 معصوم بچے جاں بحق، ماں اور بیٹی شدید زخمی

رستم  :  خیبر پختونخوا کے علاقے رستم میں حالیہ تیز بارشوں کے باعث ایک مخدوش مکان کی چھت گرنے سے المیہ جنم لے لیا، جس کے نتیجے میں دو معصوم بہن بھائی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی ماں اور بڑی بہن شدید زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رستم کے نواحی علاقے کالو ڈھیری میں تیز بارش کے دوران ایک گھر کے کمرے کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ چھت کا بھاری ملبہ کمرے میں موجود اہلخانہ پر آ گرا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور ماہر میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئی اور مقامی افراد کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں میں محمد طاہر کا 2 سالہ بیٹا محمد حسین اور 1 سالہ معصوم بیٹی زنیرہ شامل ہیں، جو موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ حادثے میں محمد طاہر کی زوجہ اور ان کی 14 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں ریسکیو الیون ٹو ٹو کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی ماں اور بیٹی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہے۔