حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں Home / پاکستان /

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

ایڈیٹر - 19/07/2026
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد 
پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے تحت آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے میں آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بدولت آئی ٹی شعبے کا مجموعی تجارتی سرپلس 85 فیصد کی بلند ترین سطح کو چھو رہا ہے۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق اس تاریخی کامیابی کے پیچھے حکومت کی جامع حکمت عملی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملکی کمپنیوں کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لیے وزارت نے دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کا اہتمام کیا، جہاں 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کو عالمی منڈی کے سامنے پیش کیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے غیر ملکی دوروں کے دوران بھی آئی ٹی صنعت کے اعلیٰ نمائندوں کو خصوصی طور پر وفود کا حصہ بنایا گیا تاکہ بین الاقوامی سطح پر کاروباری روابط استوار کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ، حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے متعدد پرکشش مراعات متعارف کرائی ہیں، جن میں فائنل ٹیکس رجیم (FTR) کا تسلسل اور برآمدات پر محض 0.25 فیصد ٹیکس کی خصوصی سہولت شامل ہے۔ ان اقدامات نے ملکی برآمد کنندگان کا اعتماد بحال کرنے اور معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔