حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ریاض: سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد کا ریکارڈ اضافہ Home / بین الاقوامی /

ریاض: سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد کا ریکارڈ اضافہ

ایڈیٹر - 19/07/2026
ریاض: سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد کا ریکارڈ اضافہ

ریاض/اسلام آباد : سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس میں سب سے بڑی تعداد پاکستانی معتمرین کی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق رواں سال حج کی تکمیل کے بعد 15 ذوالحج 1448 ہجری سے باقاعدہ عمرہ سیزن کا آغاز ہوا تھا، اور تب سے لے کر 29 محرم تک کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں دنیا بھر سے 9 لاکھ سے زائد خوش نصیب زائرین عمرے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مملکت پہنچنے والے زائرین میں سب سے زیادہ تعداد پاکستان سے ہے جہاں سے اب تک 2 لاکھ معتمرین سعودی عرب پہنچے۔ اس فہرست میں انڈونیشیا ایک لاکھ 70 ہزار زائرین کے ساتھ دوسرے اور عراق ایک لاکھ 30 ہزار کی تعداد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا تھا، جس کے بعد زائرین کی آمد میں مسلسل تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ سعودی وزارت نے ویزوں کے حصول کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9 مارچ 2027) جبکہ مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448ھ (23 مارچ 2027) مقرر کی ہے۔ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 شوال 1448ہجری (7 اپریل 2027) تک اپنی واپسی یقینی بنائیں۔

دوسری جانب، پاکستان میں آئندہ سیزن کے لیے عازمینِ حج کی رجسٹریشن کا عمل بھی انتہائی کامیابی سے جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک آن لائن رجسٹرڈ ہونے والے عازمین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں سے 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری جبکہ 94 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروائی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی آن لائن وصولی کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا، اور عازمین کو رہنمائی کے لیے "پاک حج" موبائل ایپلی کیشن اور آفیشل ہیلپ لائنز استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔