حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مہاجرین کو نکالنے کے لیے 20 ہزار سے زائد گھروں اور فلیٹس کے مالکان کو نوٹسز جاری Home / پاکستان /

مہاجرین کو نکالنے کے لیے 20 ہزار سے زائد گھروں اور فلیٹس کے مالکان کو نوٹسز جاری

ایڈیٹر - 19/07/2026
مہاجرین کو نکالنے کے لیے 20 ہزار سے زائد گھروں اور فلیٹس کے مالکان کو نوٹسز جاری

پشاور :  پشاور میں مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے انتظامیہ نے جائداد کے مالکان کو سخت وارننگ جاری کر دی ہے، جس کے تحت 20 ہزار سے زائد گھروں اور فلیٹس کے مالکان کو مہاجرین سے رہائش گاہیں خالی کرانے کے نوٹسز بھیج دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی املاک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو فوری طور پر نکال دیں، بصورتِ دیگر ایک ہفتے کے بعد متعلقہ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پشاور کے مختلف علاقوں میں حالیہ چھاپوں کے دوران گزشتہ پانچ دنوں میں 600 سے زائد افغان باشندوں کو حراست میں لے کر افغانستان ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2163 افراد کو پولیس نے حراست میں لینے کے بعد افغان سرحد روانہ کیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق، 11 سے 16 جولائی کے مختصر عرصے کے دوران 23 ہزار 336 افغان باشندے واپس افغانستان جا چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے روزانہ کی بنیاد پر صرف 400 سے 600 افغان باشندے واپس جا رہے تھے، تاہم اب اس عمل میں انتہائی تیزی دیکھی جا رہی ہے اور روزانہ 3400 سے لے کر 4100 تک افراد واپس افغانستان لوٹ رہے ہیں۔ پشاور شہر کے مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔