حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
روس پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی، وسیع پیمانے پر تباہی Home / بین الاقوامی /

روس پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی، وسیع پیمانے پر تباہی

ایڈیٹر - 18/07/2026
روس پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی، وسیع پیمانے پر تباہی

ویب ڈیسک: روس کے مغربی علاقے تامبوف میں یوکرین کی جانب سے کیے گئے مبینہ ڈرون حملے میں کم از کم سات افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ چوبیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد علاقے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔

روسی حکام کے مطابق حملے کا نشانہ ایک لاجسٹکس مرکز بنا، جہاں کام کرنے والے متعدد افراد زد میں آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں حملے کے بعد آگ کے بلند شعلے اور آسمان کی جانب اٹھتے ہوئے سیاہ دھویں کے بادل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ بعض مناظر میں شہریوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

دوسری جانب ماسکو کے میئر نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ شب یوکرین نے ماسکو ریجن کی جانب تین سو ستر سے زائد ڈرون روانہ کیے، تاہم روسی فضائی دفاعی نظام نے ان میں سے بیشتر کو راستے ہی میں تباہ کر دیا۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران حالیہ ڈرون حملوں نے ایک بار پھر خطے میں کشیدگی کو بڑھا دیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔