ویب ڈیسک: اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ اور محققین کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں امریکا کی معروف فل برائٹ اسکالر شپ کے تحت 85 پاکستانی امیدواروں کو وظائف فراہم کر دیے گئے ہیں، جن کی بدولت وہ امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔
امریکا پاکستان تعلیمی فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر اکہتر طلبہ کو ماسٹرز، چودہ محققین کو پی ایچ ڈی، جبکہ چھ امیدواروں کو فل برائٹ فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ فیلوشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق منتخب ہونے والے پاکستانی طلبہ مختلف امریکی جامعات میں اپنے متعلقہ شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کریں گے، جہاں انہیں تحقیق، تدریس اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
حکام کے مطابق فل برائٹ پروگرام پاکستان اور امریکا کی حکومتوں کے باہمی تعاون سے جاری ایک نمایاں تعلیمی منصوبہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی طلبہ اور محققین کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی مواقع فراہم کرنا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار پانچ سے اب تک تین ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ اس پروگرام کے ذریعے وظائف حاصل کر کے امریکا کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم مکمل کر چکے ہیں، جبکہ یہ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔