حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کا بڑا دعویٰ، شام میں امریکی مرکز پر حملے کا اعلان، آبنائے ہرمز سے تیل و گیس روکنے کی بھی دھمکی Home / بین الاقوامی /

ایران کا بڑا دعویٰ، شام میں امریکی مرکز پر حملے کا اعلان، آبنائے ہرمز سے تیل و گیس روکنے کی بھی دھمکی

ایڈیٹر - 17/07/2026
ایران کا بڑا دعویٰ، شام میں امریکی مرکز پر حملے کا اعلان، آبنائے ہرمز سے تیل و گیس روکنے کی بھی دھمکی

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام میں واقع التنف کے علاقے میں امریکی خصوصی فوجی کارروائیوں کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایرانشہر میں ایرانی اہلکاروں کی ہلاکت کے جواب میں کی گئی۔

ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانشہر میں فوجیوں کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے شام کے التنف میں موجود امریکی فوجی مرکز کو ہدف بنایا گیا۔

تاہم اس دعوے کی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب امریکہ یا شام کی حکومت کی جانب سے بھی اس حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ شام، عراق اور اردن کی سرحدی پٹی پر واقع التنف فوجی اڈے سے اپنی افواج کی واپسی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

علاقائی کشیدگی کے باوجود شام نے اب تک خود کو براہِ راست تنازع سے الگ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ گزشتہ مہینوں کے دوران لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جبکہ عراق میں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپوں نے متعدد مواقع پر امریکی مفادات کو راکٹوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا۔

شام کے صدر احمد الشرع نے رواں برس مارچ میں لندن میں ایک پالیسی ادارے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شام پر کوئی حملہ نہیں کرتا تو ان کا ملک بھی کسی علاقائی تنازع میں فریق نہیں بنے گا۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے۔ سرکاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے حملے جاری رہے تو آبنائے ہرمز کے راستے تیل اور قدرتی گیس کی برآمدات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اب تک امریکی حکام نے ایران کے ان دعوؤں کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید، جبکہ شامی حکومت نے بھی اس معاملے پر کوئی سرکاری مؤقف جاری نہیں کیا۔