حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
میانمار کے ساحل کے قریب 2 کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی جان بحق ہونے کا خدشہ۔ Home / بین الاقوامی /

میانمار کے ساحل کے قریب 2 کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی جان بحق ہونے کا خدشہ۔

ایڈیٹر - 16/07/2026
میانمار کے ساحل کے قریب 2 کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی جان بحق ہونے کا خدشہ۔

نیویارک/یانگون (نیوز ڈیسک): اقوام متحدہ نے ایک انتہائی دلخراش عالمی واقعے کی نشاندہی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب دو بڑی کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد روہنگیا مسلمانوں کے ہلاک ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں 'انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن' (IOM) اور ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے اس سانحے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، ابتدائی اطلاعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی شدید جنگ سے متاثرہ ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں۔ ان کشتیوں میں سوار مسافروں کی بھاری اکثریت کا تعلق مظلوم اقلیتی مسلم روہنگیا برادری سے تھا، جو طویل عرصے سے ریاستی جبر اور معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ان مسافروں میں سے کچھ افراد بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے کیمپوں سے بھی روانہ ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ کاکس بازار میں 10 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین انتہائی مخدوش اور ناگفتہ بہ حالات میں پناہ گزین ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلی کشتی، جس میں تقریباً 250 مسافر سوار تھے، سفر کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گئی تھی۔ دوسری جانب، 280 مسافروں پر مشتمل دوسری بدقسمت کشتی 8 جولائی کو میانمار کے خطرناک 'ایئیرواڈی' ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ہے۔ اگرچہ عالمی اداروں نے تاحال ہلاکتوں کے حتمی اعداد و شمار کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، تاہم خراب موسمی حالات کے باعث مزید کسی کے زندہ بچنے کی امید نہ ہونے کے برابر ہے۔ بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ یہ جان لیوا سمندری سفر ایسے وقت میں اختیار کیا گیا جب بحرِ ہند کے حالات شدید مانسون، طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے انتہائی خطرناک حد تک خراب تھے۔