ویب ڈیسک: امریکا نے اپنے مشرق وسطیٰ کے اتحادی ممالک سعودی عرب اور کویت کے لیے اربوں ڈالرز مالیت کے ممکنہ دفاعی معاہدوں کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت دونوں ممالک کو جدید فوجی سازوسامان، ہتھیاروں اور تکنیکی معاونت کی فراہمی کی جائے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے لیے منظور کیے گئے دفاعی پیکیج کی مالیت تقریباً ایک ارب 96 کروڑ ڈالر ہے، جس میں جدید گائیڈڈ میزائل نظام اور دیگر جنگی آلات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاہدے کے تحت سعودی عرب کو فضا سے فضا اور فضا سے زمین تک مار کرنے والے ہزاروں جدید گائیڈنس سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ یہ ٹیکنالوجی ہدف کو زیادہ درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی دفاعی پیکیج میں صرف میزائل نظام ہی شامل نہیں بلکہ لانچرز، وار ہیڈز، راکٹ انجن، فیوز، اسپیئر پارٹس، تکنیکی معاونت، تربیتی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔
امریکی حکام کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرنے والی کمپنی بی اے ای سسٹمز ہوگی، جو دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی ایک معروف کمپنی ہے۔
دوسری جانب امریکا نے کویت کے لیے بھی 48 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کے دفاعی معاہدے کی منظوری دی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد کویتی فضائیہ کے پاس موجود بڑے فوجی مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت کو برقرار رکھنا ہے۔
کویت کے لیے منظور کردہ پیکیج میں طیاروں کے پرزہ جات، جدید اپ گریڈیشن، مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر، تکنیکی دستاویزات اور تربیتی سہولیات شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ان دفاعی معاہدوں کا مقصد سعودی عرب اور کویت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور خطے میں ان ممالک کی عسکری تیاریوں کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور امریکا اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھا رہا ہے۔