حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کرک: انڈس ہائی وے پر ہولناک ٹریفک حادثہ، لکی مروت سے تعلق رکھنے والا نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی Home / پاکستان /

کرک: انڈس ہائی وے پر ہولناک ٹریفک حادثہ، لکی مروت سے تعلق رکھنے والا نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی

ایڈیٹر - 16/07/2026
کرک: انڈس ہائی وے پر ہولناک ٹریفک حادثہ، لکی مروت سے تعلق رکھنے والا نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی

ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر سپینہ موڑ کے مقام پر ایک ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ایک تیز رفتار ٹرک کا بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس نے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے 22 وہیلر بڑے ٹرالر کو زوردار ٹکر مار دی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی میڈیکل اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں گاڑیوں کے ملبے سے لاش اور زخمیوں کو نکال کر فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال کرک منتقل کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے بدقسمت نوجوان کی شناخت 24 سالہ رفیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد میں گل شہباز اور جنید شامل ہیں۔ واقعے کا شکار ہونے والے جاں بحق شخص اور دونوں زخمیوں کا تعلق پڑوسی ضلع لکی مروت سے ہے۔ مقامی پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے دونوں تباہ شدہ گاڑیوں کو شاہراہ سے ہٹا دیا ہے تاکہ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو بحال کیا جا سکے۔