حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دل کے امراض کے علاج کے لیے 2 بڑے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری۔ Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دل کے امراض کے علاج کے لیے 2 بڑے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری۔

ایڈیٹر - 16/07/2026
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دل کے امراض کے علاج کے لیے 2 بڑے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری۔

پشاور  : خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے غریب اور پسماندہ اضلاع کے عوام کو دل کے امراض کی جدید ترین تشخیصی و علاجی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک وسیع کرتے ہوئے مردان اور بنوں میں بڑے سیٹلائٹ سینٹرز قائم کرنے کے 2 بڑے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دل کے مریضوں کو علاج کے لیے پشاور منتقل کرنے کی زحمت اور دباؤ سے نجات دلانا ہے۔

دستیاب دستاویزات اور سرکاری اطلاعات کے مطابق، مردان میں پی آئی سی سیٹلائٹ سینٹر کے قیام پر مجموعی طور پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی، جس میں سے رواں سال کے لیے 50 ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، بنوں میں پی آئی سی سیٹلائٹ سینٹر کے قیام کے لیے 8 ارب روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے، جس میں سے رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں 300 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان سینٹرز کے قیام سے سدرن ڈسٹرکٹس اور مالاکنڈ ڈویژن کے مریضوں کو پشاور کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔

علاوہ ازیں، شعبہ صحت کے جاری پروگراموں کے لیے 61 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد کی مجموعی لاگت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مالی سال 27-2026 میں مجموعی طور پر 7 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز ان ہیلتھ پروگراموں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان فنڈز کی بروقت فراہمی سے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، طبی آلات کی تنصیب اور ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔