چارسدہ : خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک مسجد کے پیش امام مولانا محمد نعمان خان کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، مقتول مولانا محمد نعمان خان ولد نیاز علی ساکن انعام کورونہ میرہ پراننگ، رئیس خان کورونہ کی مسجد میں بطور پیش امام فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ وہ گزشتہ شب مسجد میں نماز پڑھانے کے بعد پیدل اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ مقتول نے شدید زخمی حالت میں پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں واقعے کی رپورٹ درج کروائی، تاہم بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قتل کے محرکات جاننے سمیت نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ امام مسجد کے سفاکانہ قتل پر مقامی علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔