کراچی : سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے واضح کیا ہے کہ کرپٹو کرنسی شرعی طور پر جائز ہے اور وہ اس حوالے سے 13 ماہ قبل ہی ایک باقاعدہ شرعی فتویٰ جاری کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیلانی ویلفیئر ہمیشہ ریاستِ پاکستان کی پالیسیوں اور ملکی قوانین کا احترام کرتی ہے۔
میڈیا پر کرپٹو کرنسی کے حوالے سے گردش کرنے والی حالیہ خبروں کے بعد، سیلانی ویلفیئر کے ہیڈ آفس کراچی میں ایک ہنگامی اور اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت خود چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کی۔ اجلاس میں بلاک چین ٹیکنالوجی سے وابستہ نامور ماہرین، آئی ٹی پروفیشنلز اور رئیس المفتی، مفتی وسیم اختر المدنی سمیت دیگر جید علمائے کرام نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو کرنسی کے جائز یا ناجائز ہونے سے متعلق شرعی و تکنیکی امور کا ازسرِنو تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا بشیر فاروق قادری کا کہنا تھا کہ کرپٹو کرنسی کے جواز کا فتویٰ نہ صرف تیار کیا گیا بلکہ اسے اسلامی نظریاتی کونسل، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اور متعلقہ وزارتوں کو بھی باضابطہ طور پر بھجوایا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک اس وقت کرپٹو کرنسی میں لین دین کر رہے ہیں اور یہ مستقبل کی معیشت کا حصہ بن چکی ہے۔ سیلانی ویلفیئر اس معاملے میں ریاست اور حکومت کی پالیسی کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ملک کو ڈیجیٹل اور معاشی میدان میں پیچھے رہنے سے بچایا جا سکے۔
Crypto Currency Urdu, Saylani Crypto Fatwa, Bashir Farooq Qadri Crypto, Digital Currency Pakistan, Blockchain Investment Pakistan