حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
طورخم کے راستے 2000 سے زائد غیر قانونی افغان باشندے افغانستان ڈی پورٹ۔ Home / پاکستان /

طورخم کے راستے 2000 سے زائد غیر قانونی افغان باشندے افغانستان ڈی پورٹ۔

ایڈیٹر - 16/07/2026
طورخم کے راستے 2000 سے زائد غیر قانونی افغان باشندے افغانستان ڈی پورٹ۔

طورخم  : حکومتِ پاکستان کی پالیسی کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر نے حمزہ بابا ٹرانزٹ کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے غیر قانونی افغان شہریوں کی رجسٹریشن، وطن واپسی کے انتظامات اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ سے اب تک 2117 غیر قانونی افغان باشندوں کو طورخم سرحد کے راستے افغانستان ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ نادرا، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ انتظامیہ نے مختلف محکموں کے عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور کیمپ میں موجود افغان شہریوں سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ افغان باشندوں نے کیمپ کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر انعام اللہ وزیر نے متعلقہ عملے کو خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تمام بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے رش سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے نادرا کا اضافی عملہ بھی کیمپ میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ وطن واپسی کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے طورخم زیرو پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں رجسٹرڈ غیر قانونی افغان باشندوں کی ڈی پورٹیشن کے عمل کی خود نگرانی کی۔