ویب ڈیسک: ایران میں مبینہ طور پر اغوا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ایران میں قائم رابطہ دفتر کی کوششوں سے دو پاکستانی نوجوانوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق بازیاب ہونے والے دونوں نوجوان تہران میں موجود پاکستانی سفارت خانے پہنچ چکے ہیں، جہاں انہیں ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ بازیاب افراد کی شناخت طلحہ اور شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق لاہور کے علاقے گاؤں پسین سے ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات اور ایران میں قائم ایف آئی اے لنک آفس کی مربوط کارروائی کے نتیجے میں دونوں نوجوانوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
تحقیقات کے دوران انسانی اسمگلنگ کے شبے میں نامزد ایجنٹ عامر بھوبھلہ کے والد تاج محمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کیس سے متعلق درج تین مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر پانچ ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایران میں مبینہ طور پر لاپتا دیگر پاکستانی شہریوں کی تلاش، بازیابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور کوششیں بدستور جاری ہیں۔