حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لوئر دیر میں سرچ آپریشن کے دوران حملہ، 3 پولیس اہلکار شہید، 15 زخمی، علاقے میں بڑا آپریشن شروع Home / پاکستان /

لوئر دیر میں سرچ آپریشن کے دوران حملہ، 3 پولیس اہلکار شہید، 15 زخمی، علاقے میں بڑا آپریشن شروع

ایڈیٹر - 16/07/2026
لوئر دیر میں سرچ آپریشن کے دوران حملہ، 3 پولیس اہلکار شہید، 15 زخمی، علاقے میں بڑا آپریشن شروع

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران نامعلوم افراد  کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ 15 اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ رباط درہ کے علاقے لڑم ٹاپ میں اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار معمول کے سرچ آپریشن میں مصروف تھے۔ اسی دوران مسلح دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار گولیوں کی زد میں آ گئے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل ریاض اور ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل محب خان شامل ہیں، جبکہ تیسرے شہید اہلکار کی شناخت کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکاروں نے دورانِ ڈیوٹی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

حملے میں زخمی ہونے والے 15 اہلکاروں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال تیمرگرہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق شدید زخمی اہلکاروں کو بہتر علاج کی غرض سے پشاور ریفر کیا جا رہا ہے۔

ہیڈکوارٹر اسپتال تیمرگرہ نے زخمی اہلکاروں کے علاج کے لیے شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے رباط درہ، لڑم ٹاپ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے گشت اور نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔