حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسرائیل امریکا میں عوامی حمایت کھو رہا ہے، نائب صدر جے ڈی وینس کا بڑا اعتراف Home / بین الاقوامی /

اسرائیل امریکا میں عوامی حمایت کھو رہا ہے، نائب صدر جے ڈی وینس کا بڑا اعتراف

ایڈیٹر - 16/07/2026
اسرائیل امریکا میں عوامی حمایت کھو رہا ہے، نائب صدر جے ڈی وینس کا بڑا اعتراف

ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا میں عوامی رائے کے محاذ پر مسلسل کمزور پڑ رہا ہے اور اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ امریکی عوام کی رائے میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔

معروف امریکی پوڈکاسٹر جو روگن کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے اسرائیل اور امریکا کے تعلقات پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اسرائیل امریکا کا قریبی اتحادی ہے، تاہم وہ امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اسرائیل امریکی سیاسی فیصلوں پر اثر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، تو نائب صدر نے جواب دیا کہ اسرائیل اس حوالے سے خاصا مؤثر کردار ادا کرتا ہے اور اس کی سیاسی سرگرمیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود اسرائیل امریکی عوام کی حمایت برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور عوامی سطح پر اس کی مقبولیت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔

ادھر رواں سال مارچ میں سامنے آنے والے ایک عوامی سروے کے نتائج بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔ سروے کے مطابق صرف 32 فیصد امریکی شہری اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں، جبکہ 39 فیصد افراد نے اسرائیل کے بارے میں منفی تاثر کا اظہار کیا۔

سروے میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اسرائیل کے حق میں عوامی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے، خصوصاً ڈیموکریٹ ووٹرز اور آزاد رائے رکھنے والے شہریوں میں اس رجحان میں زیادہ تبدیلی دیکھی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2013 کے مقابلے میں اسرائیل کی حمایت کرنے والے ڈیموکریٹ ووٹرز کی شرح 34 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ نوجوان امریکیوں میں بھی اسرائیل سے متعلق منفی رائے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی نائب صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور اسرائیل کی پالیسیوں پر امریکا کے اندر سیاسی اور عوامی سطح پر بحث میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔