ویب ڈیسک: پشاور شہر کے علاقے تہکال پایان میں پیش آنے والے ایک المناک واقعے میں گھر میں لگنے والی آگ نے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی جان لے لی۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے چار کمسن بچے شامل ہیں، جبکہ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ آگ پر قابو پانے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران مکان کے ایک کمرے سے چھ افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت 55 سالہ سراج، ان کی 40 سالہ اہلیہ، 11 سالہ حریرہ، 9 سالہ حنایا، 4 سالہ حسنین اور 3 سالہ منہال کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام افراد واقعے کے وقت ایک ہی کمرے میں موجود تھے اور ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی موت آگ کی شدید تپش اور دھواں بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ آگ مکان کے ہال میں بھڑکی، جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر آتش گیر سامان موجود تھا۔ ان اشیا نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں مدد دی، جس کے باعث پورا گھر دھویں کی لپیٹ میں آ گیا۔
ترجمان کے مطابق امدادی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، تاہم دھواں اور شدید حرارت کے باعث گھر میں موجود افراد کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی اور واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ آگ لگنے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔