ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں دہشت گردی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے بارودی مواد نصب کر کے فقیری بانڈے پولیس چوکی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ بعد ازاں جائے وقوعہ پر موجود مزید بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران بم ڈسپوزل یونٹ کے ایک اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں حسن خیل کے علاقے میں واقع فقیری بانڈے پولیس چوکی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چوکی کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔
واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم کو طلب کیا گیا تاکہ علاقے کو محفوظ بنایا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یونٹ کے اہلکار خائستہ رحمان جب موقع پر موجود باقی ماندہ بارودی مواد کو ناکارہ بنانے میں مصروف تھے تو اچانک ایک اور دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ دھماکے کے ذمہ دار عناصر کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام نے شہید بم ڈسپوزل یونٹ اہلکار خائستہ رحمان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔ حکام کے مطابق ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فقیری بانڈے پولیس چوکی کو کچھ عرصہ قبل انتظامی وجوہات کی بنا پر خالی کر دیا گیا تھا، اس لیے دھماکے کے وقت عمارت میں کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔ تاہم بارودی دھماکے کے باعث چوکی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔